Sunday 26 June, 2011

عید قرباں sep-oct 2010

ادارےۂ
عبد اللہ مدنی
عید قرباں
عیدالاضحی ملت اسلامیہ کی دوسری بڑی عید ہے، جو مسلمانوں کو ایثاروقربانی، اخلاص وللہیت عمل وعزیمت اور فداکاری وجاں نثاری کا پیغام دیتی ہے، اور جو ایک ایسے بزرگ رسول کی یادگارہے جسے تعلق باللہ کے اعلیٰ ترین مقام پہ فائز ہونے کے بسبب خلیل اللہ کہا جاتا ہے۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام نے تسلیم ورضا کی جو مثال پیش کی تھی وہ اللہ کو اس طرح بھا گئی کہ قیامت تک آنے والی ساری امت اس کی یاد مناتی رہے گی۔
اگر چہ ظاہری طور پر امت محمدیہ ’’بہیمۃ الأنعام‘‘ دنبہ،بکری، بکرا، گائے، اونٹ کی قربانی اللہ کے حضور پیش کرتی ہے، مگر باطنی طورپر وہ اس عزم کے اعادہ کی پابند ہے کہ اللہ کی راہ میں چند سو کی یہ قربانی ہی نہیں بلکہ اپنی زندگی اور زندگی میں حاصل ہونے والی ہر شئے خالق ومالک کے حضور پیش کرنے کے لئے ہمیشہ مستعدرہیگی، اس معیار تک پہونچنے کے بعد ہی وہ قربانی قابل قبول ہو سکے گی۔
’’لن ینال اللہ لحو مہا ولا دماۂا ولکن ینالہ التقوی منکم‘‘
اس وقت ہماری قربانی اس جذبہ سے خالی ہے، ہمارے یہاں وہ روح مفقود ہو چکی ہے جو قربانی کے عمل کو موثر ومفید بناتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم قربانی کی شکل میں زرکثیر صرف کرنے کے باوجود وہ نتیجہ نہیں حاصل کر پارہے ہیں جو لازمی طور پہ ملنا چاہئے تھا۔
نام ونموداور ریا کاری کی خوئے بد رواج پا رہی ہے، تندرست، صحت مند جانوروں کی قیمتیں غیر معقول حد تک زیادہ دے کر دنیاوی شہرت وجاہ حاصل کرکے ہم لوگوں سے چند تعریفی کلمات تو حاصل کرلیں گے مگر رضائے الٰہی کی دولت سے ہمارا دامن خالی ہی رہے گا اور اللہ کی رضا سے محرومی ہمارے دنیا وآخرت کے خسارے کا سب سے اہم سبب ہے۔
۹؍ذی الحجہ یوم عرفہ کو بیس لاکھ سے زیادہ افراد فریضۂ حج کی ادائیگی سے مشرف ہوں گے سعودی حکومت پورے ایک سال تک ضیوف الرحمن کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے کوشاں رہی ہے امید ہے کہ حجاج کرام سکون وراحت کی فضا میں شعائر حج انجام دیں گے۔
ہم تمام زائرین کعبہ کو صدق دل سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ ان کے اس فریضہ کو قبول فرمائے۔

No comments:

Post a Comment