Wednesday, 14 April 2010

توحید ایجوکیشنل ٹرسٹ کشن گنج- Mar-Apr 2010

عبد اللہ مدنی جھنڈا نگری
توحید ایجوکیشنل ٹرسٹ کشن گنج
ایک قابل اعتماد فعال ادارہ
توحید ایجوکیشنل ٹرسٹ ایک ممتاز تعلیمی، دعوتی ورفاہی ادارہ ہے، جس کے ماتحت جامعۃ الامام البخاری، جامعہ عائشہ للبنات، توحید انجینئرنگ و ٹکنالوجی کالج، عثمان لتحیظ القرآن کے علاوہ تقریباً پچاس شاخیں تعلیمی امور کی انجام دہی میں مشغول ہیں، یہ ادارے بہتر تعلیم و تربیت کے ساتھ اپنے عمدہ نظم و نسق کے لئے معروف ہیں، تمام تعلیمی اداروں کی اسناد حکومت بہار منظور کرچکی ہے، جامعۃ الامام البخاری کے فارغ التحصیل طلبہ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ اور دوسرے جامعات کے لئے قابل قبول ہوتے ہیں، ٹرسٹ کے زیر نگرانی حکومت بہار و بنگال نے اقلیتی ہاسٹل کے قیام کی منظوری بھی دے دی ہے، جس کی تعمیر کا سلسلہ ٹرسٹ کی مملوکہ زمین پہ جاری ہے۔
مجھے ٹرسٹ کے چیئر مین مولانا عبدالمتین سلفی کی دعوت پہ ماہ دسمبر ۲۰۰۳ء ؁ میں کشن گنج جاکر مختلف اداروں کی زیارت اور طلبہ وطالبات سے خطاب کی سعادت حاصل ہوئی، راقم کو گذشتہ دس برسوں میں متعدد بار حاضری کے مواقع ملے ہیں، ہر بار کوئی نیا پروگرام، کوئی نیا شعبہ، کوئی نئی تعمیر اپنے ذمہ داروں کے عزم و حوصلہ کی کہانی سناتی ہے، کبھی بہار کے گورنر کی تشریف آوری ہوتی ہے تو کبھی وزیروں کی آمد،کبھی کسی عمارت کی تاسیس تو کبھی کسی بلڈنگ کا افتتاح، کبھی یہاں کی سرزمین خطیب الاسلام حضرت مولانا عبدالرؤف رحمانیؔ کی قدم بوسی کرتی ہے،کبھی حضرت مولانا مختار احمد ندویؔ قدم رنجہ فرماتے ہیں، کبھی علامہ دکتور مقتدیٰ حسن ازہریؔ اپنا مقالہ پیش فرماتے ہیں تو کبھی مولانا عبدالوہاب خلجی تقریر فرمارہے ہیں، کبھی شیخ عطاء الرحمن مدنی یہاں منتظمین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تو کبھی مولانا اصغر علی امام مہدی نصائح سے نوازتے ہیں، کبھی کشن گنج کی پہلی سلفی جامع مسجد میں پہلا خطبہ جمعہ دینے کے لئے عبداللہ مدنی کی بلایا جاتا ہے،تو کبھی مشاہدہ کے لئے راشٹریہ جنتا دل کے سپر یمو لالو پرساد یادو کو دعوت دی جاتی ہے، کبھی مولانا اشفاق سلفی کا خطاب ہے تو کبھی مولانا محمد سلیمان میرٹھی کا بیان، کبھی کسی ملکی یا بین الاقوامی تنظیم کا کوئی سربراہ اپنے قدوم مبارک سے نواز رہا ہے تو کبھی عالم عرب کی کوئی ممتاز علمی شخصیت جواہر پارے لٹانے میں مشغول ہے، زیارت کرنے والی عظیم شخصیات کی فہرست پہ جو بھی نظر ڈالے گا حیران رہ جائے گا، زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ اہم نمائندے اور آسمان علوم اسلامیہ کے مہر و ماہ کی تابانیوں سے یہاں کا ذرہ ذرہ مستنیر ہورہا ہے۔
میرے محترم بھائی اور فاضل دوست مولانا عبدالمتین سلفی ان اداروں کی ہمہ گیر ترقی اور عروج و استحکام کے لئے شب و روز رواں دواں رہتے ہیں، ان کے ساتھ مخلصین و معتقدین اور فاضل اساتذہ کرام کی ایک منتخب ٹیم سرگرم عمل ہے، مقامی سیاستدانوں کا بھرپور تعاون انہیں حاصل ہے، بڑی حد تک سرکاری عملہ ان کے کاموں سے مطمئن ہے، ملت کے قابل ذکر افراد اور جماعت کے حساس علماء کرام کی نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں اور یہ سب صلہ ہے ذات باری پہ توکل اور اس یقین و اعتماد کا جو اپنی مخلصانہ کار گزاریوں کے تئیں انسان اپنے دل میں پیدا کرلیتا ہے، پھر راہ کی ہر مشکل اس کے لئے آسان ہوتی ہے، اللہ ان اداروں کو استحکام عطا فرمائے اور ان کے مسؤلین و اراکین کی خدمات جلیلہ کو شرف قبولیت بخشے۔
(ماہنامہ’’ نور توحید‘‘فروری ۲۰۰۴ء ؁)

2 comments:

  1. السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
    عرض جیکی یہ ادارہ کشنگنج میں کہاں ہے آپ اپنا نمبر ارسال فرماتے تو مہربانی ہوگی
    میرا نمبر 9892733692

    ReplyDelete
  2. السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
    عرض ھیکہ یہ ادارہ کشنگنج میں کہاں ہے آپ اپنا نمبر ارسال فرماتے تو مہربانی ہوگی
    میرا نمبر 9892733692

    ReplyDelete