Wednesday 14 April, 2010

آخری ملاقات- Mar-Apr 2010

مولانا ابوالمکارم ازہریؔ
آخری ملاقات
جمعیۃ خریجی الجامعات السعودیۃ کی مجلس تنفیذی کا اجلاس دہلی میں حسب پروگرام ۸؍جنوری ۲۰۱۰ء ؁ کو زیر صدارت صدر جمعیت برادرم مولانا عبدالمتین سلفی رحمہ اللہ منعقد ہوا، اس موقع پر حاشیہ خیال میں بھی یہ بات نہیں تھی کہ یہ ان سے آخری ملاقات ہے اور ان کی صدارت میں یہ آخری اجلاس ہے، اس اجلاس میں مولانا عبداللہ مدنی صاحب (نائب صدر جمعیت) اور مولانا عبدالوہاب خلجی صاحب (نائب صدر جمعیت) شریک تھے، دیگر ممبران مجلس مختلف اعذار کی وجہ سے شریک نہ ہوسکے تھے، مختصر کا روائی کے بعد اجلاس ختم ہوگیا اور مولانا سلفی رحمہ اللہ دوسرے دن صبح کو دہلی سے بذریعہ طیارہ اپنے وطن کشن گنج چلے گئے، اس کے ٹھیک آٹھ دن بعد ۱۶؍ جنوری ۲۰۱۰ء ؁ کو یہ افسوس ناک خبر ملی کہ مولانا عبدالمتین سلفی ہارٹ اٹیک کے بعد انتقال کر گئے، اس خبر پر بہت مشکل سے یقین آیا، کیونکہ ایک ہفتہ قبل جب وہ دہلی میں تھے تو بظاہر ان کی صحت کا فی بہتر معلوم ہورہی تھی اور کسی غیر معمولی تکلیف یا مرض کا اظہار بھی نہیں کر رہے تھے۔
اب جب کہ وہ ہم سے ہمیشہ کے لئے جدا ہوچکے ہیں ہم اللہ تعالیٰ سے دعا ہی کرسکتے ہیں کہ وہ آپ کی مغفرت فرمائے اور آپ کی دینی و ملی خدمات کو قبول فرمائے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ نے اللہ کی توفیق سے بہت سی دینی، اور رفاہی خدمات انجام دی ہیں، کئی تعلیمی ادارے قائم کئے ہیں جن میں دینی اور عصری تعلیم کا معقول نظم ہے اور طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد ان سے فائدہ اٹھارہی ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کے جاری کردہ اعمال خیر میں مزید ترقی ہو اور ملک و ملت کے لئے ان کا فیض ہمیشہ جاری و ساری رہے۔ آمین۔

No comments:

Post a Comment